کراچی (عدالتی رپورٹر) — لیاری میں عمارت گرنے کے سانحے میں گرفتار سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 8 افسران کو عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ہوا، جہاں کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمے میں لگائی گئی دفعات کمزور ہیں۔
عدالت نے ہر ملزم کو 10 لاکھ روپے مالیت کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے حکومت کو بھی ہدایت کی کہ متاثرین کو متبادل رہائش فراہم کی جائے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
سانحے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو عہدے سے ہٹا دیا تھا، جبکہ پولیس نے متاثرہ عمارت کے مالک اور ایس بی سی اے کے 12 افسران کے خلاف مقدمہ درج کرکے متعدد کو گرفتار کیا۔
حادثے کے بعد شہر بھر میں خطرناک قرار دی گئی 51 مخدوش عمارتوں کو گرانے کا فیصلہ کیا گیا، جن میں سے کئی کو منہدم کیا جا چکا ہے۔
حکومت سندھ نے متاثرہ عمارتوں کے مالکان اور کرایہ داروں کو 3 ماہ کا کرایہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے تاکہ انہیں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔