تہران / یروشلم (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے ایران کے مختلف شہروں پر تازہ حملوں میں میزائلوں کے ذخیرہ گاہوں، بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات اور پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی زیرانتظام خبر رساں ایجنسی ’فارس نیوز‘ نے اصفہان میں دھماکے کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد شہر میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔
اپر دیر میں سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں: پل، مکانات اور پاور ہاؤس متاثر، بچہ لاپتا
اصفہان، جو ایران کے سب سے بڑے جوہری تحقیقی مرکز کا مرکز ہے، سمیت لنجان، مبارکہ اور شہریزہ پر بھی حملے کیے گئے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جوہری مقام پر کوئی خطرناک مواد خارج نہیں ہوا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کاشان شہر پر ایک اسرائیلی ڈرون مار گرایا گیا، جبکہ قُم میں ایک عمارت پر حملے میں 16 سالہ نوجوان جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی افواج نے قُم میں پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے فلسطین کور کے کمانڈر سعید ایزادی کو شہید کر دیا۔ تاہم، ایرانی حکام یا پاسداران انقلاب نے اس شہادت کی تصدیق نہیں کی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق، امین پور جودخی، جو پاسداران انقلاب کی دوسری وی اے وی بریگیڈ کے ذمہ دار تھے، بھی ان حملوں میں مارے گئے ہیں۔ فوج کا کہنا ہے کہ امین پور جودخی کو 13 جون کو یونٹ کے ایک اور کمانڈر کی ہلاکت کے بعد اہم ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔