وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے اسرائیل کی جوہری صلاحیت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ایک بدمعاش ریاست ہے جو کسی بھی بین الاقوامی جوہری نظم و ضبط کا پابند نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جوہری طاقت سے خوفزدہ اور ہوشیار رہے، کیونکہ اس کے تباہ کن نتائج پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔
جنوبی افریقہ نے تاریخ رقم کردی، آسٹریلیا کو شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن بن گیا
اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اسرائیل نہ تو ایٹمی عدم پھیلاؤ کے کسی معاہدے کا حصہ ہے اور نہ ہی عالمی اصولوں کو تسلیم کرتا ہے، جبکہ پاکستان تمام بین الاقوامی جوہری معاہدوں اور ضابطوں کا دستخط کنندہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کبھی بھی اپنے پڑوسی ممالک کے خلاف تسلط پسندانہ پالیسیوں پر عمل نہیں کرتا، برعکس اس کے اسرائیل کھلم کھلا جارحیت کا مظاہرہ کر رہا ہے جس پر دنیا کی خاموشی خطرناک نتائج کی جانب اشارہ کرتی ہے۔
وزیردفاع نے خبردار کیا کہ مغربی دنیا کو اسرائیل کی غیرذمہ دارانہ روش اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سنگین تنازعات کی فکر کرنی چاہیے، کیونکہ یہ صرف مشرقِ وسطیٰ نہیں بلکہ عالمی امن کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔