کراچی: اسٹیل ملز موڑ کے قریب افسوسناک واقعے میں تیز رفتار ڈمپر نے وہیل چیئر پر سوار معذور شخص کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ کراچی کے علاقے اسٹیل ملز موڑ پر پیش آیا، جہاں ایک بے قابو ڈمپر وہیل چیئر پر موجود شخص پر چڑھ گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم راہ گیروں اور ٹریفک پولیس نے فوری ردِعمل دکھاتے ہوئے گاڑیاں آگے لگا کر ڈمپر کو روک لیا۔
مشتعل شہریوں نے موقع پر ہی ڈمپر کے شیشے توڑ دیے، جبکہ ٹریفک پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ جاں بحق معذور شہری کی شناخت اور ورثا سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔