(مہارت نیوز) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے سوشل میڈیا پر دیے گئے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ آپ لوگ آج کل اتنے غیر محفوظ کیوں محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے تاجروں کی مذاق میں کی گئی گفتگو پر سخت ردعمل اور اب یہ معاملہ؟
انہوں نے واضح کیا کہ اورنج لائن، تین میٹروز، سپیڈو بسوں اور الیکٹرک بائیکس کے بعد الیکٹرک بسیں پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں اگلا بڑا قدم ہیں۔ تاہم، عظمیٰ بخاری نے حکومت سندھ کی کارکردگی پر تبصرہ کیے بغیر محض اتنا کہا کہ سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اصل کہانی پھر کبھی سہی۔
یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب شرجیل انعام میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ایک بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب نہیں بلکہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں الیکٹرک بسیں متعارف کرائی گئیں۔ جبکہ مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پنجاب میں ملک کی پہلی الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔