کراچی – متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے کی جانے والی چوری کو بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا سبب قرار دیا ہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ، 14 اور 7 سال قید کی سزا
بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا ریفرنس ایک واضح اور سادہ کیس تھا، اور بالآخر وہ فیصلہ آیا جو آنا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کرپٹ نہیں ہیں، تو یہ ان کی بدنصیبی ہے کہ وہ اس صورتحال میں پھنس گئے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے بشریٰ بی بی کی چوری کو بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف کی فروخت کے حوالے سے پریس کانفرنس کی تھی لیکن صرف فرح گوگی کا دفاع کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ فرح گوگی نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر توشہ خانہ کے تحائف دبئی کے ایک بزنس مین کو بیچ دیے تھے، جس کا انکشاف ہونے کے بعد معاملات مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں۔